ہومتازہ ترینغزہ کے مستقبل کا مجوزہ منصوبہ منظرعام پر آ گیا

غزہ کے مستقبل کا مجوزہ منصوبہ منظرعام پر آ گیا

غزہ (لارڈ میڈیا) : غزہ میں جنگ کے خاتمے اور مستقبل کے انتظامی ڈھانچے کے لئے چار صفحات پر مشتمل ایک مجوزہ روڈ میپ سامنے آیا ہے۔ دستاویز کے مطابق حماس کی مرحلہ وار غیر مسلحی، اسرائیلی افواج کے بتدریج انخلا اور نئی فلسطینی عبوری انتظامیہ کے قیام کو ایک دوسرے سے مشروط کیا گیا ہے۔

منصوبے کے مطابق ہر مرحلہ اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک دوسرا فریق اپنی متعلقہ ذمہ داریاں پوری نہیں کرتا۔ امریکی حکام نے کہا ہے کہ اس پورے منصوبے کو زیرو ٹرسٹ اصول پر تیار کیا گیا ہے یعنی کسی بھی فریق پر اندھا اعتماد نہیں کیا جائے گا اور ہر پیش رفت کی باقاعدہ جانچ پڑتال ہوگی۔

دستاویز کے مطابق ابتدا میں غزہ میں سرگرم چھوٹے مسلح گروپوں کو غیر مسلح کیا جائے گا جس کے بعد حماس اپنے فوجی ڈھانچے کو ختم کرنے کا عمل شروع کرے گی۔ اس میں سرنگوں کا نیٹ ورک، اسلحہ کے ذخائر اور ہتھیار بنانے کی تنصیبات شامل ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق یہ مرحلہ دیگر مراحل کے مقابلے میں زیادہ وقت لے سکتا ہے۔

روڈ میپ میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد غزہ میں قائم ہونے والی نئی فلسطینی عبوری اتھارٹی کو اسلحے پر مکمل اختیار حاصل ہوگا جبکہ ایک بین الاقوامی استحکام فورس بھی عبوری دور میں امن و امان برقرار رکھنے میں معاونت کرے گی۔

تاہم اسرائیل نے تاحال اس مجوزہ منصوبے یا اس کی تفصیلات پر کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا ہے جس کے باعث اس منصوبے پر عمل درآمد کے حوالے سے کئی سوالات بدستور موجود ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں