کراچی (لارڈ میڈیا): سی ٹی ڈی حیدرآباد کی ٹیم نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم ایس آر اے کے مطلوب دہشت گرد امام بخش خاصخیلی کو گرفتار کرلیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو تھانہ ہوسڑی کی حدود سے گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، ریموٹ کنٹرول، بیٹری اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
کارروائی کے دوران ملزم کا ساتھی سومار ملاح پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔ گرفتار ملزم کے خلاف دہشت گردی اور ایکسپلوزو ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق امام بخش خاصخیلی کالعدم ایس آر اے کا نظریاتی کارکن اور سہولت کار ہے۔ وہ پہلے سے گرفتار دہشت گردوں مبشر لغاری، علی حیدر کتریو، سارنگ میرانی اور مہران میرانی سے تعلق رکھتا ہے۔
ملزم نے اعتراف کیا کہ بارودی سامان ساتھی سومار ملاح نے اسے فراہم کیا تھا اور وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم اندرون سندھ سجاول میں کارگو ٹریلرز پر فائرنگ، او جی ڈی سی ایل کی گاڑیوں پر حملوں اور بھتہ خوری میں ملوث رہا ہے۔ ملزم نوجوانوں کو ریاست مخالف سرگرمیوں پر اکسانے میں بھی ملوث رہا۔


