کراچی (لارڈ میڈیا) پولیس نے منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف درج قتل کے مقدمے سے قتل کی دفعہ ختم کرکے قتل بالسبب کی دفعہ شامل کردی ہے۔ بغدادی تھانے میں جمع کرائے گئے حتمی چالان میں پولیس کا موقف ہے کہ کیمیکل رپورٹ کے مطابق متوفی کی موت نشے کے باعث ہوئی، تاہم متوفی کی شناخت تاحال نہیں کی جا سکی۔
متوفی کے ڈی این اے کے ذریعے بھی شناخت نہیں ہو سکی کیونکہ ضروری سیمپل موجود نہیں ہیں۔ پراسیکیوشن نے عدم شواہد کی بنیاد پر مقدمے کو داخل دفتر کرنے کی سفارش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے قتل بالسبب کی دفعہ شامل کی، مگر تفتیش میں بنیادی عناصر کی کمی پائی گئی۔
پولیس متوفی کی موت اور ملزمہ انمول کی تیار کردہ منشیات کے درمیان براہ راست تعلق ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے۔ میڈیکو لیگل افسر کے مطابق کیمیائی تجزیے اور پوسٹ مارٹم سے موت کی حتمی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔
پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ واقعاتی یا طبی شواہد کی کمی کے باعث مقدمہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ عبوری چالان کی سکروٹنی کے دوران مختلف شواہد کی نشاندہی کی گئی تھی۔ پراسیکویشن نے مقدمے کو التوا میں رکھنے کی درخواست دی ہے۔


