اسلام آباد (لارڈ میڈیا) سعودی سرمایہ کاروں کے وفد نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے سعودی وفد کو مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ سے سعودی فالکن وژن گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وفد نے چکوال میں جدید شاپنگ مال کے قیام کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری بورڈ کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ذریعے ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ بزنس سہولت مراکز کے ذریعے ون ونڈو سہولت فراہم کی جاتی ہے جبکہ منافع کی سو فیصد ترسیل کی اجازت بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کا باعث ہے۔


