نئی دہلی (لارڈ میڈیا): ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل بھارتی ہاکی ٹیم کی جرسی کا رنگ تبدیل کیے جانے پر بھارت میں سیاسی تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پریانکا گاندھی نے نیلی جرسی کی جگہ نارنجی جرسی متعارف کرانے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
پریانکا گاندھی نے کہا ہے کہ حکومت چاہے جرسی کا رنگ تبدیل کرے یا نئی تعلیمی پالیسی کے ذریعے تاریخ کو دوبارہ لکھنے کی کوشش کرے، اس سے حقیقت نہیں بدلے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی آزادی کی جدوجہد عدم تشدد اور سچائی کی بنیاد پر لڑی گئی تھی اور اس میں آر ایس ایس کا کوئی کردار نہیں تھا۔
بھارتی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ویرین راسکنہا نے بھی جرسی کے رنگ کی تبدیلی پر سخت اعتراض کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ شرمناک ہے کیونکہ بھارتی ہاکی ٹیم کی شناخت ہمیشہ نیلی جرسی سے وابستہ رہی ہے۔ شائقین بھی اپنی ٹیم کو نیلی جرسی میں ہی دیکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی ہاکی ٹیم کئی دہائیوں سے نیلی جرسی میں عالمی مقابلوں میں شرکت کرتی رہی ہے، تاہم ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں ٹیم پہلی بار نارنجی جرسی میں میدان میں اترے گی۔


