راولپنڈی (لارڈ میڈیا) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کویت کے وزیر خارجہ جراح جابر الاحمد الصباح کی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور کویت باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔
کویتی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کویت کے ساتھ مضبوط اور دیرپا تعلقات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر یقین رکھتے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے دفاعی، سفارتی اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور باہمی رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور کویت کے تعلقات اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار ادا کرنے پر متفق ہیں۔


