کراچی (لارڈ میڈیا) پاکستانی یوٹیوب چینلز دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ یوٹیوب نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں پاکستانی صارفین کی عالمی رسائی میں اضافے کو نمایاں کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں فنکار، کری ایٹرز اور تخلیقی افراد پلیٹ فارم پر نئی جہتیں متعارف کرا رہے ہیں، جو دنیا کے مختلف خطوں میں ناظرین کے دلوں تک پہنچ رہی ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان کے اندر اور بیرون ملک ناظرین ریکارڈ تعداد میں پاکستانی یوٹیوب مواد دیکھ رہے ہیں۔ کمپنی کے اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان میں ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد یوٹیوب چینلز کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ 19 ہزار سے زیادہ چینلز ایک لاکھ اور 12 سو سے زائد چینلز 10 لاکھ سبسکرائبرز کا سنگِ میل عبور کر چکے ہیں۔
گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستانی صارفین نے یوٹیوب پر 2 کروڑ گھنٹوں سے زائد دورانیے پر مشتمل مواد اپ لوڈ کیا۔ پاکستانی یوٹیوب ویڈیوز کے مجموعی واچ ٹائم کا 60 فیصد پاکستان سے باہر موجود ناظرین پر مشتمل ہے۔ جنوبی ایشیا سے مشرقِ وسطیٰ اور یورپ سے شمالی امریکا تک پاکستانی کری ایٹرز اپنے معیاری، مستند اور عالمی سطح پر پسند کیے جانے والے مواد کے ذریعے دنیا بھر کے ناظرین کو متوجہ کر رہے ہیں۔


