ملتان (لارڈ میڈیا): حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بجلی بلوں اور پٹرولیم لیوی کے ذریعے عوام پر مسلسل بوجھ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاشی، تعلیمی اور عوامی پالیسیوں پر شدید تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل عوام پر بم کی طرح گرائے جا رہے ہیں اور پٹرولیم لیوی کے نام پر بھاری رقوم وصول کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر لٹر پر لیوی کی مد میں عوام سے پیسے لئے جا رہے ہیں جبکہ ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہی۔
حافظ نعیم نے کہا کہ قومی بجٹ کا بڑا حصہ سود کی ادائیگی میں صرف ہو جاتا ہے جبکہ صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی نہیں ہو رہی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ پنجاب میں ہزاروں سرکاری سکول آؤٹ سورس کر دیے گئے ہیں اور مزید کی تیاری ہے۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے خاندانی سیاست اور کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ حافظ نعیم نے جماعت اسلامی کے ‘بنوقابل’ پروگرام کو نوجوانوں کے لیے کامیاب قرار دیا اور بتایا کہ ‘ذی کنیکٹ’ کے نام سے بھی نیا پروگرام متعارف ہوگا۔


