اسلام آباد (لارڈ میڈیا) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 14 لاکھ 84 ہزار 382 وفات پانے والے ووٹرز کو انتخابی فہرستوں سے خارج کر دیا ہے جبکہ 8 لاکھ 94 ہزار 924 نئے اہل ووٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 7 مئی سے 2 جولائی تک رجسٹرڈ ووٹرز کے اعدادوشمار جاری کیے جن کے مطابق دو ماہ میں ملک بھر میں تقریباً 6 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں کمی ہوئی۔ ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں 5 لاکھ 89 ہزار 458 کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد کل تعداد 13 کروڑ 65 لاکھ 74 ہزار 399 ہو گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 4 لاکھ 50 ہزار مرد اور ایک لاکھ 38 ہزار خواتین ووٹرز کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔ پنجاب میں 4 لاکھ 78 ہزار 909 ووٹرز کی کمی، سندھ میں 97 ہزار 216 ووٹرز کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بلوچستان میں 2226 اور خیبر پختونخوا میں 9046 ووٹرز کی تعداد میں کمی آئی جبکہ اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں 2061 ووٹرز کم ہوئے۔
ذرائع کے مطابق انتخابی فہرستیں نادرا کے ڈیٹا کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کی جاتی ہیں اور قومی شناختی کارڈ سے منسلک ہونے کے باعث ڈپلیکیٹ ووٹرز کا امکان نہیں ہوتا۔


