لاہور (لارڈ میڈیا) پوٹھوہار کے بارانی پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے تین سال کے عرصے میں 800 مزید منی ڈیمز بنانے کی منظوری دی گئی ہے، جس سے 32 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت پیدا ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس میں ٹرانسفارمیشن آف ایگریکلچر اور واٹر مینجمنٹ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پانی کی بچت اور گراؤنڈ واٹر مینجمنٹ پر رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 110 منی ڈیمز مکمل ہو چکے ہیں جبکہ گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور ڈویژن میں 100 ریچارج ویلز فعال ہیں۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ کسانوں کو 50 فیصد سبسڈی پر ایک ہزار لیزر لینڈ لیولر دیئے جائیں گے، اور سمجھدار قوم وہی ہوتی ہے جو پانی کے ہر قطرے کو محفوظ بناتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے واٹر باڈیز کا پلان طلب کر لیا ہے اور زیرِ زمین پانی مینجمنٹ کے لیے لیگل فریم ورک کو فعال اور بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اجلاس میں واٹر کنزرویشن اور پانی کی مؤثر مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ایچ آر اسٹاف تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔


