اسلام آباد (لارڈ میڈیا): مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 10 کوٹلی میں انتخاب روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر اور چیف الیکشن کمشنر سے انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ دھاندلی کی تفتیش کی جائے۔
رانا ثنا اللہ نے الزام لگایا کہ سرکاری گاڑی میں پریزائیڈنگ افسران کو بھیجنا شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹواری اور پریزائیڈنگ افسر آزاد کشمیر حکومت کے ماتحت ہیں اور ان کی سرگرمیوں کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ہم شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدار انتخابات چاہتے ہیں۔ ہر پولنگ سٹیشن پر پولنگ بیگ چیک کیے جائیں اور حقائق سامنے آنے تک ایل اے 10 کے نتائج قبول نہیں کریں گے۔
یہ بھی خیال رہے کہ آزاد کشمیر میں دو پریزائیڈنگ افسران نجی رہائش گاہ پر چلے گئے تھے، جس پر ریٹرننگ افسر نے پولنگ بیگز فوری تحویل میں لے لیے اور دونوں افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔


