کوٹلی (لارڈ میڈیا): آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کے بعد الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے کوٹلی میں دو پریزائیڈنگ افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق یہ افسران پولنگ اسٹیشن کی بجائے نجی رہائش گاہ پر چلے گئے تھے، جس پر ریٹرننگ افسر نے فوری طور پر پولنگ بیگز تحویل میں لے لئے اور نئے پریزائیڈنگ افسران کو تعینات کر دیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ گرفتار افسران کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی جاری ہے اور انتخابی عمل میں کسی بھی غفلت یا بے ضابطگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 10 کوٹلی میں انتخاب روکنے اور وزیراعظم آزاد کشمیر و چیف الیکشن کمشنر سے انکوائری کا مطالبہ کیا تھا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ثقلین اور قیصر پٹواری سے مبینہ دھاندلی کی تفتیش کی جائے اور انکوائری مکمل ہونے تک انتخابی حلقے میں انتخاب روکا جائے۔


