اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی آئینی عدالت میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کے لیے تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی رہائی فورس کے خلاف دائر درخواست پر سماعت 19 جولائی کو ہوگی۔ خیبرپختونخوا میں 9 مئی کے مقدمات واپس لینے کے خلاف اپیل بھی اسی دن سنی جائے گی۔
چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ عدالت نے خیبرپختونخوا حکومت سمیت متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ آئینی عدالت نے 9 مئی مقدمات کی واپسی پر حکم امتناع جاری کر رکھا ہے۔
ریڈیو پاکستان نے پشاور اسٹیشن پر حملہ کیس واپس لینے کے حکومتی فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے۔ ریڈیو پاکستان نے درخواست میں مقدمہ خیبرپختونخوا سے منتقل کرنے کی استدعا کی ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کے لیے رہائی فورس بنانے کا اعلان کیا تھا، جس کے خلاف ایڈووکیٹ ملک ظہیر احمد نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی پرائیویٹ فورس قائم نہیں کی جا سکتی۔ عدالتی حکم کے ذریعے اس اقدام کو روکا جائے۔


