تہران (لارڈ میڈیا) ایران نے عراق کے ذریعے امریکا کی جانب سے عارضی جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جب تک بنیادی تنازعات، خصوصاً آبنائے ہرمز کے مسئلے، کا حل پیش نہیں کیا جائے گا، جنگ بندی ناقابل قبول ہے۔
عراقی وزیراعظم علی الزیدی دورۂ واشنگٹن کے بعد ایران پہنچے جہاں انہوں نے ایرانی قیادت کو جنگ بندی سے متعلق امریکی پیغام دیا۔ تاہم ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکا کا رویہ موجودہ بحران کی بنیادی وجہ ہے اور مختلف ممالک کی ثالثی کے باوجود ایران اپنے بنیادی مطالبات پر قائم ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی تجویز کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں، اور امریکی حکومت نے اس رپورٹ پر باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق عراق، قطر، پاکستان اور دیگر علاقائی ممالک کی ثالثی کی کوششیں جاری ہیں مگر ایران اور امریکا کے درمیان اہم اختلافات کی بنا پر فوری پیش رفت کے امکانات محدود ہیں۔


