کراچی (لارڈ میڈیا) : فرحت اشتیاق کے ناول ‘جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو’ پر مبنی پاکستان کی پہلی نیٹفلکس اوریجنل سیریز 2026 کے اختتام تک ریلیز کی جائے گی۔ یہ سیریز نیٹفلکس اور ہم ٹی وی کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے اور اس کی ہدایت کاری مومنہ درید نے کی ہے۔
یہ سیریز ابتدائی طور پر 2025 میں ریلیز ہونا تھی لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر تاخیر کا شکار ہوئی۔ تاہم اب مومنہ درید فائنل ایڈیٹنگ کی نگرانی کر رہی ہیں اور توقع ہے کہ جلد ہی کاسٹ اس کی تشہیر شروع کرے گی۔
سیریز کی کاسٹ میں ماہرہ خان، فواد خان، بلال اشرف، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، اقرا عزیز اور دیگر شامل ہیں۔ یہ پہلی پاکستانی سیریز ہو گی جو نیٹفلکس کی اوریجنل پروڈکشن کے طور پر پیش کی جائے گی۔
کئی سال کی تاخیر کے باعث پاکستانی ناظرین کی توقعات میں کمی آئی تھی، تاہم تازہ اطلاعات نے ان کی امیدیں دوبارہ بحال کر دی ہیں۔ سوشل میڈیا پر کچھ صارفین اب بھی ریلیز کی خبروں پر یقین کرنے کو تیار نہیں ہیں۔


