واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی ایوان نمائندگان نے ایران جنگ روکنے کی قرارداد منظور کر لی جبکہ سینیٹ نے اسے مسترد کر دیا۔ قرارداد میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں سے امریکی افواج واپس بلانے کی ہدایت دی گئی تھی۔
یہ قرارداد میری لینڈ کے ڈیموکریٹ سینیٹر کرس وین ہولن نے پیش کی تھی۔ سینیٹ میں ووٹنگ کے دوران قرارداد کو 47 کے مقابلے میں 49 ووٹوں سے مسترد کر دیا گیا۔ ریپبلکن سینیٹر سوسن کولنز نے اپنی جماعت کی پالیسی کے برعکس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ ڈیموکریٹ سینیٹر جان فیٹرمین نے اپنی پارٹی سے اختلاف کرتے ہوئے مخالفت کی۔
ایوان نمائندگان میں رکن کانگریس پرامیلا جیاپال نے قرارداد پیش کی، جس کے حق میں 214 جبکہ مخالفت میں 208 ووٹ آئے۔ چار ریپبلکن ارکان نے بھی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی کانگریس دو حصوں پر مشتمل ہوتی ہے، ایک ایوان بالا یعنی سینیٹ اور دوسرا ایوان زیریں یعنی ایوان نمائندگان۔


