لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں علی الصبح شروع ہونے والی بارش تاحال جاری ہے۔ ایئرپورٹ پر 212 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ دیگر مقامات پر بھی مختلف مقدار میں بارش ہوئی ہے، جن میں جیل روڈ، ہیڈ آفس گلبرگ اور مغلپورہ شامل ہیں۔
قصور، گوجرانوالہ، وزیرآباد، گجرات، نارووال اور دیگر شہروں میں بھی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور گرمی کا زور ٹوٹ چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق بارش کے دوران کھڑے پانی سے بجلی کے کرنٹ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لئے شہریوں کو بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے بھی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔


