اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے رابطہ کرکے یمنی حوثیوں کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے بحیرہ احمر میں سعودی تیل بردار جہازوں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کو ناقابل قبول قرار دیا۔
وزیراعظم نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں اور خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے قریبی تعاون جاری رکھنے اور قانونی سمندری تجارت کے تسلسل کو یقینی بنانے کا عزم کیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی مستقل حمایت کو سراہا جبکہ وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


