اسلام آباد (لارڈ میڈیا) : راول ڈیم میں ہزاروں مچھلیوں کی ہلاکت کے بعد وفاقی دارالحکومت میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بنی گالا اور ڈھوکڑی چوک کے اطراف پانی کی سطح پر مردہ مچھلیوں کے ڈھیر پڑے ہیں، جو تعفن پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں۔ مقامی شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے مردہ مچھلیاں کناروں پر آ رہی ہیں۔ لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال بھی زہریلے کیمیکل کے باعث سیکڑوں مچھلیاں ہلاک ہوئیں تھیں، تاہم ذمہ داروں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے سے یہ صورت حال دوبارہ پیدا ہو گئی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر پانی میں آلودگی یا زہریلے مادوں کی بروقت تحقیقات نہ کی گئیں تو اس کے اثرات آبی حیات تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ انسانی صحت کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے محکمہ فشریز کے مطابق ابتدائی طور پر مچھلیوں کی ہلاکت کی ممکنہ وجہ ڈیم میں پانی کی کمی اور گرمی کی شدت بتائی جا رہی ہے، البتہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ کہیں پانی میں کوئی کیمیکل تو شامل نہیں کیا گیا۔


