پشاور (لارڈ میڈیا): خیبرپختونخوا محکمہ تعلیم کے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث ان منصوبوں کی لاگت میں کروڑوں روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے فنڈز کے بہتر استعمال اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی تیار کی ہے۔
دستاویزات کے مطابق محکمہ تعلیم نے اس مقصد کے لیے 6 ممبران پر مشتمل ڈویلپمنٹ فنڈز ریلیز کمیٹی قائم کی ہے، جس میں ایڈیشنل سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹری اور دیگر افسران شامل ہیں۔ کمیٹی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کا جائزہ لے گی اور رپورٹ تیار کرے گی کہ کتنا فنڈ خرچ ہوا اور کس منصوبے پر کتنا کام ہوا۔
کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ منصوبوں کے جاری ہونے والے فنڈز کو چیک کرے اور کارکردگی رپورٹ پلاننگ آفیسر کو فراہم کرے۔ کمیٹی فنڈز جاری کرنے کی بنیاد پر سفارشات بھی پیش کرے گی۔


