لاہور (لارڈ میڈیا) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کے جوڈیشل افسران کے لیے کار اسکیم کی منظوری دی ہے جس کے تحت افسران ڈھائی سے 3 لاکھ روپے میں گاڑیاں خرید سکیں گے۔
سرکلر کے مطابق ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن فیسیلٹی کے تحت پنجاب بھر کے تقریباً 2 ہزار جوڈیشل افسران سرکاری گاڑیاں رعایتی قیمت پر حاصل کر سکیں گے۔ اس اسکیم سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینئر سول ججز، سول ججز اور ججز فیملی کورٹس مستفید ہوں گے۔
انسداد دہشت گردی، احتساب، بینکنگ، ایف آئی اے، انسداد منشیات، کسٹمز اور لیبر کورٹس کے ججز بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ سپریم کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ، آئینی عدالت اور دیگر اداروں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات پنجاب جوڈیشری کے افسران بھی اس اسکیم سے مستفید ہو سکیں گے۔


