بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے بدھ کے روز معمول کی پریس بریفنگ میں کہا ہےکہ چین قومی خودمختاری کے تحفظ اور بیرونی مداخلت کی مخالفت میں کیوبا کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر عالمی عدل اور انصاف کو برقرار رکھنے کے لئے کام کرنے کو تیار ہے۔
ایک متعلقہ سوال کے جواب میں لین جیان نے کہا کہ امریکہ نے گزشتہ 60 برس سے زائد عرصے سے کیوبا کے خلاف جامع ناکہ بندی اور غیر قانونی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جس کے باعث کیوبا کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ عرصے میں امریکہ نے کیوبا کے خلاف اپنی ناکہ بندی اور پابندیوں میں مزید شدت پیدا کی ہے، جس سے کیوبا کے عوام کی بنیادی ضروریات زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور اس صورتحال پر بین الاقوامی برادری کی گہری توجہ مرکوز ہوئی ہے۔
لین جیان نے کہا کہ امریکہ کو چاہیے کہ وہ بین الاقوامی برادری کی منصفانہ آواز کو سنے، کیوبا کے خلاف اپنی ناکہ بندی اور دباؤ کی پالیسی فوری طور پر ختم کرے اور کیوبا کے عوام کے زندہ رہنے اور ترقی کرنے کے حقوق کی خلاف ورزیوں سےباز آئے۔


