اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے لائیواسٹاک میں انقلاب آئے گا۔ انہوں نے لائیو اسٹاک سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی لائیواسٹاک کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت ہے اور ہمیں صوبوں کے ساتھ مل کر لمبا سفر طے کرنا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہم خطے میں لائیواسٹاک کے شعبے میں پیچھے ہیں جبکہ پاکستان دودھ کی پیداوار کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ چین کے ساتھ پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کی ٹرانسفارمیشن پر بات چیت جاری ہے جو اس شعبے کو خودکفیل بنا سکتی ہے۔
مزید ایک ہزار زرعی گریجوایٹس کو چین بھیجنے کے اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچے جدید تعلیم حاصل کر کے ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں گے۔ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی اصلاحات پر اجلاس میں ٹیکس نظام میں بہتری کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کاروباری افراد کو زیادہ پیداوار اور برآمدات کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور ایف بی آر کو کاروباری طبقے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے رواں سال کو معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال قرار دیا۔


