اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ترکیہ کی جمہوریت عوامی عزم کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک عوام کی ثابت قدمی عوامی قوت کی بہترین مثال ہے اور کوئی طاقت ترک عوام کے عزم کو شکست نہیں دے سکتی۔
ترکیہ کے یومِ جمہوریت اور قومی یکجہتی کی دسویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات قیامِ پاکستان سے بھی پہلے کے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر مضبوط روابط موجود ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ نے نمایاں ترقی کی ہے اور پاکستان اور ترکیہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے ترکیہ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 250 شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔


