ہومتازہ ترینجاپان کی شہری تنظیموں نے جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزوں کے...

جاپان کی شہری تنظیموں نے جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزوں کے حصول کی مخالفت کر دی

ٹوکیو (شِنہوا) جاپان کی متعدد شہری تنظیموں نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزوں کی تیاری اور حصول کی کوششوں کی مخالفت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جاپان طویل عرصے سے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا حامی رہا ہے، جبکہ ملک کے ایٹمی توانائی کے بنیادی قانون کے تحت جوہری توانائی کا استعمال صرف پرامن مقاصد تک محدود ہے۔

بیان کے مطابق جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزوں کا حصول جاپان کے اپنے دیرینہ موقف سے انحراف کے مترادف ہوگا۔

بیان پر دستخط کرنے والی تنظیموں میں شامل پیس بوٹ نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ حکمران اتحاد کے ارکان اور حکومتی ماہرین کے پینلز کی جانب سے جاپان کے لئے جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزوں کے حصول کی تجاویز نہایت خطرناک پیش رفت ہیں۔

تنظیم نے کہا کہ ایسی آبدوزیں طویل فاصلے تک زیر آب کارروائیاں اور حملے کرنے کے لئے تیار کی جاتی ہیں، لہٰذا ان کا حصول جاپان کی "صرف دفاعی نوعیت کی پالیسی” سے سنگین انحراف ہوگا۔

پیس بوٹ کے مطابق ایک درجن سے زائد تنظیموں نے مشترکہ بیان پر دستخط کئے ہیں۔

گزشتہ سال ستمبر میں جاپان کی وزارت دفاع کے ماتحت ماہرین کے ایک پینل کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں ملک کی نیکسٹ جنریشن آبدوزوں کے لئے نیوکلیئر انجن کے امکان کا جائزہ لینے کی سفارش کی گئی تھی۔

وزیر دفاع شنجیرو کوئزومی نے بھی جاپانی پارلیمنٹ کو بتایا کہ اس معاملے کو ممنوع موضوع نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ اس پر سنجیدگی سے غور و بحث ہونی چاہیے۔

جون میں جاپان انوویشن پارٹی، جسے حکمران اتحاد کی جونیئر اتحادی جماعت قرار دیا گیا ہے، نے بھی جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزوں کو جلد متعارف کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان پیش رفتوں کے بعد جاپانی معاشرے کے مختلف حلقوں کی جانب سے شدید احتجاج سامنے آیا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں