لاہور (لارڈ میڈیا) قومی کرکٹرز کے لیے طویل دورانیے کے کیمپس میں پیڈل اسپورٹس کھیلنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پیڈل اسپورٹس کی سہولت بھی قائم کر دی گئی ہے۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پیڈل اسپورٹس کھیلنے سے کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر ہوتی ہے اور اب کھلاڑیوں کو دور جانے کی ضرورت نہیں۔
عاقب جاوید نے مزید کہا کہ طویل کیمپ میں ہر دوسرے روز پیڈل اسپورٹس کھیلنا لازمی ہے، کھلاڑی 40 منٹ تک پیڈل کھیل سکتے ہیں، اس سے فیلڈنگ کی مہارت بھی بہتر ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے میں باسکٹ بال کورٹس بھی شامل ہیں جس سے کرکٹرز کو فائدہ ہوگا۔ کرکٹرز کے لئے گیم روم بھی بنایا جا رہا ہے جہاں اسنوکر سمیت دیگر کھیل ہوں گے۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے کھلاڑی صرف اپنا کھیل ہی نہیں بلکہ دیگر کھیلوں میں بھی حصہ لیتے ہیں اور فائدہ اٹھاتے ہیں۔


