مسقط (لارڈ میڈیا) عمان کے ساحل کے قریب حملے کا نشانہ بننے والے ایک تجارتی جہاز سے لاپتا بھارتی میرین انجینئر کی لاش برآمد کر لی گئی۔ بھارتی سمندری کارکنوں کی یونین نے متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بھارت کے شہر پونے سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ ہیرمب کرمارکر قبرص کے پرچم بردار تجارتی جہاز جی ایف ایس گلیکسی پر بطور میرین انجینئر خدمات انجام دے رہے تھے۔
اتوار کو عمان کے ساحل کے قریب جہاز پر حملے کے بعد ہیرمب کرمارکر لاپتا ہو گئے تھے جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔
فارورڈ سی مینز یونین آف انڈیا کے منوج یادو نے بتایا کہ منگل کی شام جہاز چلانے والی کمپنی نے اطلاع دی کہ عمانی کوسٹ گارڈ نے ہیرمب کرمارکر کی لاش برآمد کر لی ہے۔
تاحال حملے کی مکمل نوعیت، ذمہ دار عناصر اور واقعے کی تفصیلات کے بارے میں مزید معلومات سامنے نہیں آئی ہیں، تاہم متعلقہ حکام تحقیقات کر رہے ہیں۔
خلیج عمان اور آبنائے ہرمز کے اطراف بڑھتی کشیدگی کے باعث تجارتی جہازوں کی سلامتی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے، جس پر عالمی بحری صنعت تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔


