ہومتازہ ترینافواج پاکستان پر قوم کو فخر ہے، شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش...

افواج پاکستان پر قوم کو فخر ہے، شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، طاہر اشرفی

کراچی (لارڈ میڈیا): چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فوج کے جوانوں، شہدا کے اہلِخانہ اور ماؤں سے معذرت کرتا ہوں، کیونکہ شہدا کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ قومی پیغامِ امن کمیٹی کی نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ دہشتگرد ملک کے امن کے دشمن ہیں اور سیکیورٹی فورسز کے جوان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جوان چند ہزار روپے تنخواہ کے لیے نہیں بلکہ وطن کے دفاع اور شہادت کے جذبے کے ساتھ سرحدوں پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانی کا کوئی مالی معاوضہ نہیں ہو سکتا، شہادت مومن کا اعلیٰ مقام اور باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی کو اپنے شہدا کی توہین کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ سیاست دانوں کو چاہیے کہ وہ قومی اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کا حوصلہ بلند کریں اور سیاسی اختلافات کو اداروں پر تنقید کا ذریعہ نہ بنائیں۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان آج دنیا میں امن کے داعی کے طور پر ابھر رہا ہے، اس لیے قومی اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے سیاست کے میدان میں سیاست کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ اداروں کو سیاسی تنازعات میں گھسیٹنے کا کسی کو حق حاصل نہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ صوفیا کرام کی دھرتی ہے، جہاں محبت، رواداری اور اخوت کا درس دیا جاتا ہے۔ سندھ حکومت قومی پیغامِ امن کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی تاکہ ملک میں اتحاد، ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں