اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے بائیکاٹ کے معاملے پر تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کرسکی۔ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی اور آزاد کشمیر گورننگ باڈی کے درمیان اس معاملے پر اختلافات برقرار ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے آزاد کشمیر الیکشن بائیکاٹ کے فیصلے کو 7 دن کے اندر نظرثانی اجلاس سے مشروط کیا تھا، تاہم 9 جولائی کو 7 دن پورے ہونے کے باوجود اجلاس نہیں بلایا گیا۔
آزاد کشمیر گورننگ باڈی کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے کے باوجود سیاسی کمیٹی نے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ گورننگ باڈی نے 9 جولائی کے اجلاس میں کثرت رائے سے انتخابات میں حصہ لینے کی سفارش کی تھی۔
بائیکاٹ کے فیصلے میں ابہام کے باعث پارٹی کے 5 ٹکٹ ہولڈرز اور درخواست گزار پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔ وفاق میں اپوزیشن قیادت نے بھی الیکشن بائیکاٹ کا فیصلہ جلد بازی میں نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر قیوم نیازی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال غیر جانبدار اور پرامن انتخابات کے لئے موزوں نہیں ہے۔


