ہومتازہ ترینبلوچستان مسائل پر پی ٹی آئی کی آل پارٹیز کانفرنس، طاقت کی...

بلوچستان مسائل پر پی ٹی آئی کی آل پارٹیز کانفرنس، طاقت کی بجائے بات چیت پر زور

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): تحریک انصاف کے زیر اہتمام بلوچستان پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں تمام سیاسی جماعتوں نے بلوچستان میں طاقت کا استعمال ترک کرکے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکاء نے لاپتا افراد کی بازیابی، شفاف انتخابات اور مقامی افراد میں وسائل کی تقسیم کے مطالبات پیش کیے۔

کانفرنس خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس کی صدارت اختر خان مینگل نے کی۔ اس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، جے یو آئی کے صلاح الدین، شاہد خاقان عباسی، مصطفیٰ نواز کھوکھر، محسن داوڑ، مولانا شاکر اور دیگر سیاسی رہنما شریک ہوئے۔

جماعت اسلامی کے مولانا شاکر نے کہا کہ بلوچستان میں غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان ڈاکو بن رہے ہیں اور لاپتا افراد کو بازیاب کرانا ضروری ہے۔ جے یو آئی کے مولانا صلاح الدین نے کہا کہ چمن بارڈر بند ہونے کے باوجود دہشت گردی بڑھ گئی ہے اور پاکستانی تاجروں کو نقصان ہو رہا ہے۔

نیشنل پارٹی کے سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیکیورٹی نہیں بلکہ سیاسی ہے اور اسے سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے وسائل کی لوٹ مار ہے۔

نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے محسن داوڑ نے کہا کہ بارڈر بندش سے کاروبار متاثر ہو رہا ہے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کی ضرورت ہے۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ بلوچستان میں منشیات کی خرید و فروخت عروج پر ہے اور ریاستی رٹ ختم ہو رہی ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ریاست کو گولی کے بجائے بات چیت سے مسائل حل کرنے چاہیے۔ پی ٹی آئی کے اسد قیصر نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے جرگہ بلایا جائے گا۔

اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بلوچستان میں سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کیے جائیں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں