اسلام آباد (لارڈ میڈیا): صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کارگل جنگ کے ہیرو حوالدار لالک جان شہید (نشان حیدر) کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ صدر زرداری نے اپنے پیغام میں شہید کی بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی جرأت کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
صدر زرداری نے کہا کہ لالک جان شہید نے زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے حملے روکے اور مادر وطن کے دفاع کے لیے جان قربان کی، ان کی بہادری مستقبل کی نسلوں کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے شہید کی قربانی کو پاکستان کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں یاد رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور وطن کی خاطر عظیم قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ شہید کی بہادری نسل نو کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو نہیں بھول سکتی، افواج پاکستان کے شہداء اور ان کے اہل خانہ قوم کا فخر ہیں۔


