لاہور (لارڈ میڈیا): قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ بیٹنگ کے دوران ان کی سوچ ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق ہوتی ہے، اور اگر ٹیم کو تیز کھیلنے کی ضرورت ہو تو وہ تیز کھیلتے ہیں۔ بابراعظم نے پی سی بی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کپتانی کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، اور ماضی کے تجربات سے انہوں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بار بہتر پلاننگ اور مثبت سوچ کے ساتھ ٹیم کو لیڈ کریں گے۔
بابراعظم نے بتایا کہ وقت کے ساتھ کپتانی میں پختگی آتی ہے، اور انہوں نے اپنے فیصلوں کا جائزہ لے کر ان سے سیکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مشکل وقت میں سپورٹ فراہم کریں، کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ دباؤ کا کھیل ہے۔
دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ کا انتخاب قومی سلیکشن کمیٹی نے کیا ہے۔ بابراعظم نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر دباؤ کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور ان کی توجہ ڈسپلن، فٹنس اور پرفارمنس پر مرکوز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کنڈیشنز میں ٹریننگ سے کھلاڑی مضبوط ہوتے ہیں، اور کیمپ میں میچ کے دباؤ اور مختلف صورتحال سے نمٹنے پر کام کیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کا دورہ چیلنجنگ ہوگا، لیکن اس کی تیاری مکمل ہے۔
بابراعظم نے مزید کہا کہ وہ مثبت تنقید کو سنتے ہیں اور مفید باتوں پر عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اور شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔


