اسلام آباد (دنیا نیوز): وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی شراکت داری ایک نئے اور نہایت امید افزا دور میں داخل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی شہر استنبول میں صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات میرے لیے انتہائی خوشی کا باعث بنی، جہاں پاکستان ترکیہ سٹریٹجک شراکت داری کے تمام اہم پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ترک صدر کے ساتھ تنازعات کے حل اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ کیلئے مکالمہ ہوا، اور انہوں نے کہا کہ سفارت کاری اور باہمی احترام ہی واحد پائیدار راستہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اردوان کی مہمان نوازی پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، اور دوطرفہ تجارت کو 5 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کے مشترکہ ہدف کو حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور بلند مقام تک لے جائیں گے۔ بزنس کانفرنس میں ترکیہ کی متحرک کاروباری برادری کے ممتاز نمائندوں سے ملاقات کا بھی موقع ملا۔


