شہر (لارڈ میڈیا): شدید گرمی کے دوران ایئر کنڈیشنر کا استعمال لوگوں کے لئے بڑی سہولت ہے، لیکن بڑھتے ہوئے بجلی کے بل پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گھر سے باہر جاتے وقت اے سی کو مکمل بند کرنے کے بجائے تھرموسٹیٹ کا درجہ حرارت معمول سے کچھ زیادہ کر دینا زیادہ مناسب ہے۔ اس سے بجلی کی بچت ہوتی ہے اور واپسی پر گھر کو دوبارہ ٹھنڈا کرنے میں بھی کم وقت لگتا ہے۔
امریکا کے محکمہ توانائی کے مطابق، اگر روزانہ آٹھ گھنٹے کے لئے تھرموسٹیٹ کا درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھایا جائے تو سالانہ اخراجات میں تقریباً 10 فیصد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔
پروفیسر الزبتھ ہیوٹ کے مطابق، اگر صرف پندرہ منٹ کے لئے باہر جا رہے ہیں تو اے سی بند کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا، لیکن آٹھ گھنٹے کے لئے باہر جانے پر اے سی کی سیٹنگ بڑھانا توانائی اور پیسے دونوں کی بچت کرتا ہے۔
ماہرین نے کہا کہ کچھ علاقوں میں فلیٹ یا کھڑکی والے اے سی کم کارآمد ہوتے ہیں، کیونکہ کھڑکیوں سے گرم ہوا آتی ہے۔ کھڑکیوں کے آس پاس سستا فوم لگا کر گرم ہوا کو روکا جا سکتا ہے۔
پروفیسر پیٹرک فیلن کا کہنا ہے کہ تھرموسٹیٹ کا درجہ حرارت ایک ڈگری فارن ہائیٹ بڑھانے سے کولنگ پر 3 فیصد تک بچت ہو سکتی ہے، جبکہ اسمارٹ تھرموسٹیٹ کے استعمال سے اضافی 10 فیصد تک بچت ممکن ہے۔
ماہرین نے کہا کہ مختلف علاقوں میں موسم اور گھر کی ساخت کے مطابق بجلی کی بچت کے طریقے مختلف ہوتے ہیں، لیکن گھر سے باہر رہنے کے دوران تھرموسٹیٹ کی سیٹنگ بڑھا دینا عمومی طور پر مؤثر ثابت ہوتا ہے۔


