اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی حکومت نے مری ایکسپریس وے کو مظفرآباد تک مزید 70 کلومیٹر توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی صدارت میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو مری ایکسپریس وے کی طرز پر سہولیات فراہم کی جائیں گی اور یہ منصوبہ جدید اور محفوظ سفر کا آغاز کرے گا۔
اجلاس میں این ایچ اے کے جاری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔ اجلاس کے دوران ایم ایٹ موٹروے کی تکمیل کے لیے ہوشاب آواران روڈ کو بھی ترجیحی منصوبوں میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک ایران تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لیے شاہراہوں کی بروقت تعمیر ناگزیر ہے۔
این ایچ اے کو اس مالی سال میں پہلے سے جاری 25 ترجیحی منصوبے مکمل کرنے ہوں گے۔ عبدالعلیم خان نے این ایچ اے کو مزید ہدایت دی کہ وہ 300 سے 400 ارب روپے سالانہ کمانے والے ادارے کے طور پر ترقی کریں اور حکومت سے فنڈز طلب کرنے کی بجائے اپنے وسائل خود بڑھائیں۔


