لاہور (لارڈ میڈیا): قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیلئے متوقع سکواڈ سامنے آگیا ہے، جبکہ باضابطہ اعلان چند روز میں متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے ممکنہ سکواڈ اور کپتان کے ناموں پر مشاورت مکمل کر لی ہے۔ شان مسعود کو کپتان برقرار رکھنے کی تجویز چیئرمین پی سی بی کو ارسال کر دی گئی ہے۔
سیریز کیلئے 17 رکنی قومی سکواڈ کو حتمی شکل دی جائے گی جس میں امام الحق، اذان اویس، عبداللہ فضل اور اویس ظفر کو برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔ بابر اعظم، سلمان علی آغا، ساجد خان، محمد عباس اور خرم شہزاد بھی سکواڈ کا حصہ ہوں گے جبکہ عبید شاہ اور علی عثمان کو پہلی بار شامل کئے جانے کا امکان ہے۔
فاسٹ باؤلرز محمد علی اور عامر جمال کی قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور سعود شکیل کی فٹنس کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور 100 فیصد فٹنس حاصل نہ ہونے پر متبادل کھلاڑی سکواڈ میں شامل ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 13 جولائی کو ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہوگی۔


