ہومپاکستانتحریک تحفظ آئین پاکستان کا وفد راولا کوٹ جانے سے روک دیا...

تحریک تحفظ آئین پاکستان کا وفد راولا کوٹ جانے سے روک دیا گیا

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد کو راولا کوٹ جانے سے روک دیا گیا، جس کے بعد چکیاں، کہوٹہ میں دھرنا دے دیا گیا۔ وفد کا مقصد عوامی ایکشن کمیٹی کے دھرنے میں شرکت اور یکجہتی کا اظہار تھا۔

تحریک کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر اور تحریک کے ترجمان حسین احمد یوسفزئی بھی شامل تھے۔

وفد کو پولیس نے کہوٹہ کے مقام پر روک دیا۔ پولیس نے کہا کہ انہیں وفد کو آگے جانے سے روکنے کی ہدایات موصول ہوئی ہیں۔ اس پر رہنماؤں نے پولیس سے استفسار کیا کہ انہیں قانونی جواز کے تحت کیوں روکا جا رہا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر جا کر احتجاج کی وجوہات جاننا چاہتے ہیں اور وفد کو روکنا مثبت پیغام نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر گاڑیوں کو اجازت نہیں دی گئی تو وہ پیدل ہی جائیں گے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ وفد کشمیر بات چیت کے ارادے سے جا رہا تھا اور اگر مطالبات جائز ہوئے تو انہیں سنا جائے گا۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کی قیادت کو روکنا منفی تاثر دیتا ہے۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے راستہ روکنے کے بعد تحریک کے رہنماؤں نے چکیاں، کہوٹہ میں دھرنا دے دیا، جس میں متعدد اپوزیشن رہنما موجود تھے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں