اسلام آباد (لارڈ میڈیا): نیشنل ڈیٹا گورننس پالیسی 2026 کے تحت پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نے ملک میں مرکزی ڈیٹا ریگولیٹر اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجوزہ پالیسی کے تحت پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کو وفاقی اداروں میں ڈیٹا گورننس کی نگرانی کے وسیع اختیارات دیے جائیں گے، جبکہ تمام وفاقی اداروں کو قومی ڈیٹا گورننس فریم ورک پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔
پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نیشنل اوپن ڈیٹا پورٹل اور نیشنل ڈیٹا ایکسچینج پلیٹ فارم کی نگرانی کرے گی اور نیشنل ڈیٹا کیٹلاگ کو برقرار رکھنے کے ساتھ سرکاری اداروں کے باقاعدہ آڈٹ بھی کرے گی۔ ہر وفاقی ادارے میں ایک چیف ڈیٹا آفیسر تعینات کرنا لازمی ہوگا جو پالیسی پر عمل درآمد، ڈیٹا کے قانونی استعمال اور تعمیل کی رپورٹنگ کے ذمہ دار ہوں گے۔
نیشنل ڈیٹا گورننس کونسل بھی قائم کی جائے گی جس کی سربراہی پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کرے گی۔ اس کونسل میں وفاقی و صوبائی حکومتوں، ریگولیٹرز اور دیگر شراکت داروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نیشنل ڈیٹا میچیورٹی انڈیکس جاری کرے گی تاکہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔
سرکاری اداروں کی سالانہ ڈیٹا گورننس کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی جائے گی۔ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کو آڈٹ، اصلاحی اقدامات اور تعمیل یقینی بنانے کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے جبکہ مسلسل عدم تعمیل کرنے والے سرکاری اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کا اختیار ہوگا۔


