کراچی (لارڈ میڈیا): کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری نے کہا کہ کے پی ٹی نے 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈلنگ کا سابقہ ریکارڈ عبور کر لیا ہے، جو بحری شعبے کی ترقی کا واضح ثبوت ہے۔
جنید انوار چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو خطے کا مضبوط بحری و تجارتی مرکز بنانے کے لیے اصلاحات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بندرگاہوں کی جدید خطوط پر ترقی اور توسیع کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔
وزیر بحری امور نے کہا کہ سرمایہ کاری، لاجسٹکس اور بندرگاہی نظام کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے چیئرمین کے پی ٹی، افسران اور ملازمین کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو قابل تحسین قرار دیا۔
چیئرمین کے پی ٹی ایڈمرل شاہد احمد نے کہا کہ کراچی پورٹ کی استعداد، آپریشنل کارکردگی اور انتظامی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی پورٹ کی مسابقتی صلاحیت مزید بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔


