کراکس (شِنہوا) وینزویلا کی قومی اسمبلی کے صدر جارج روڈریگویز نے کہا ہے کہ وینزویلا میں بدھ کے روز آنے والے دو شدید زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 920 ہو گئی ہے جبکہ 3ہزار 360 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
روڈریگویز کے مطابق مزید 172 افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ 3ہزار 7 افراد اس آفت کے باعث بے گھر ہو چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زلزلوں سے 383 عمارتوں کو نقصان پہنچا، جن میں 13 ہسپتال اور 25 تجارتی مراکز شامل ہیں جبکہ مزید ایک ہزار دو تنصیبات کو مختلف نوعیت کا نقصان پہنچا ہے۔
روڈریگویز نے کہا کہ جمعہ کی سہ پہر تک 871 بین الاقوامی امدادی کارکن ملک میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے تھے۔
دوسری جانب جمعہ کی دوپہر تک 50 ہزار سے زائد افراد لاپتہ تھے۔ یہ اعداد و شمار اس ویب سائٹ کے مطابق ہیں جو لاپتہ افراد کی اطلاعات کے لئے قائم کی گئی ہے۔


