کراچی (لارڈ میڈیا): انسداد دہشت گردی کی عدالت نے قتل اور اقدام قتل کے مقدمے میں گرفتار وکلا ادریس اور سلیمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا عدالت نے مسترد کر دی اور مقدمے کا چالان طلب کیا۔
وکلا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ انہیں بار بار مقدمات میں پھنسا کر انصاف سے محروم کیا جا رہا ہے۔ وکیل عامر نواز وڑائچ نے دعویٰ کیا کہ مقدمہ سیاسی انتقامی کارروائی ہے جبکہ ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہے۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان کو مخبر کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا اور گزشتہ روز ان کا راہداری ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جسمانی ریمانڈ کی ضرورت کیوں ہے جبکہ ملزمان پہلے ہی پولیس تحویل میں تھے۔
سرکاری وکیل نے مزید تفتیش کی ضرورت پر زور دیا تاہم عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی۔ آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے مقدمے کا چالان طلب کر لیا گیا ہے۔


