اوگاڈوگو (لارڈ میڈیا): برکینا فاسو کی فوجی حکومت نے فرانس کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے تعلقات کا ازسرِ نو جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے کیونکہ باہمی احترام، خودمختاری اور داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر فرانس کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔
سرکاری بیان میں فرانس پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ برکینا فاسو کے خلاف "نوآبادیاتی عزائم” رکھتا ہے اور ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت کرتا ہے، نیز ایسے عناصر کی حمایت کرتا ہے جو ملک اور خطے میں عدم استحکام پیدا کر رہے ہیں۔
حکومت نے واضح کیا کہ سفارتی تعلقات کا خاتمہ صرف ریاستی سطح کے تعلقات تک محدود ہے اور اس کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سماجی روابط ختم کرنا نہیں ہے۔
برکینا فاسو نے اپنے شہریوں سے فرانس سمیت تمام غیر ملکی شہریوں کے ساتھ قانون اور احترام کے مطابق برتاؤ کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب فرانس نے اس فیصلے کی مذمت کی ہے اور اسے بے بنیاد قرار دیا ہے، اور کہا کہ وہ مناسب جوابی اقدامات پر غور کر رہا ہے۔


