کراچی (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت خفیہ کارروائیوں اور پراکسی عناصر کے ذریعے پاکستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اندرونی و بیرونی سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے اور مشرقی ہمسایہ ملک خفیہ ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج مغربی سرحدوں سے دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہیں اور پوری قوم افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان تمام تنازعات کے حل کے لیے امن، مذاکرات اور سفارت کاری پر قائم ہے۔
انہوں نے کشمیریوں، غزہ کے عوام اور فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت پر پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ شہباز شریف نے عالمی تبدیلیوں کے دوران پاکستان کی امن پسند شناخت برقرار رکھنے پر زور دیا اور امریکہ و ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا ذکر کیا۔
انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو امن کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے حالیہ دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات اور پاکستان کے امن کردار کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے سمندری سلامتی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بحریہ کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی تربیت مستقبل میں فائدہ مند ثابت ہوگی۔


