مانچسٹر (لارڈ میڈیا): برطانیہ کی ایک عدالت نے 21 سالہ محمد فاہر کو مانچسٹر ایئرپورٹ پر ہنگامہ آرائی اور دو خواتین پولیس افسران پر حملہ کرنے کے الزام میں ساڑھے تین سال قید کی سزا سنائی ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ برس مانچسٹر ایئرپورٹ کے ٹرمینل ٹو پر پیش آیا تھا جہاں محمد فاہر اور ان کے اہل خانہ کا ایک شخص سے جھگڑا ہوا۔ محمد فاہر کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نے ان کی والدہ کے خلاف نسلی تعصب پر مبنی نازیبا الفاظ استعمال کیے جس پر معافی مانگنے کی بجائے جھگڑا شروع ہوگیا۔ پولیس کے پہنچنے پر محمد فاہر نے مزاحمت کرتے ہوئے دو خواتین افسران پر حملہ کر دیا جس میں ایک افسر کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ عدالت نے شواہد کی بنیاد پر محمد فاہر کو سزا سناتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملہ ایک سنگین جرم ہے اور پولیس افسران کا تحفظ اہم ہے۔ گریٹر مانچسٹر پولیس نے اس فیصلے کو قانون کی بالادستی کے لیے اہم قرار دیا ہے اور کہا کہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔


