لندن (لارڈ میڈیا): پاکستان ہائی کمیشن لندن میں قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی میزبانی پاکستان ہائی کمیشن کے افسر حسیب بن عزیز نے کی، جبکہ ہائی کمیشن کے افسران اور عملے نے قومی ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔
قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ منظور الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے ایک نئے سفر کا آغاز کیا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے انگلینڈ میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے میچز میں ٹیم کی زبردست فائٹ کو سراہا اور کہا کہ رینکنگ میں بہتری رکھنے والی ٹیموں کے خلاف بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
حسیب بن عزیز نے کہا کہ پاکستان کی قومی کھیل ہاکی کی ٹیم کی میزبانی کرنا پاکستان ہائی کمیشن کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم قومی ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔
تقریب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے گورننگ بورڈ کے رکن پرویز سندھیلہ، ٹیم منیجر اور سابق اولمپین خواجہ محمد جنید، نائب کوچ اور سابق قومی کھلاڑی محمد وسیم سمیت دیگر آفیشلز اور مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ قومی ہاکی ٹیم محنت، نظم و ضبط اور بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے دوبارہ عالمی سطح پر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی۔


