اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بات محرم کے سکیورٹی انتظامات کے جائزہ اجلاس میں کہی جس کی صدارت انہوں نے سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ کی۔
اجلاس میں تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکرٹریز اور پولیس حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انتظامات کا جامع جائزہ لیا گیا۔ امن و امان کے قیام اور فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
طلال چوہدری نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے ہوم سیکرٹریز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔


