گلگت بلتستان (لارڈ میڈیا): گلگت بلتستان اسمبلی میں پیپلزپارٹی، ن لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے درمیان اتحاد قائم ہوگیا جس کے نتیجے میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔ اسپیکر کے فرائض پیپلزپارٹی کے عمران ندیم نے سنبھال لیے جبکہ ن لیگ کے کفایت الرحمان ایڈووکیٹ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے۔
ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں نے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا۔ پیپلزپارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پیپلزپارٹی کا ہوگا جبکہ گورنر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے ن لیگ کو دیے جائیں گے۔
سابق اسپیکر نذیر احمد نے نومنتخب اسپیکر عمران ندیم سے عہدے کا حلف لیا اور اپنی نشست ان کے سپرد کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کا انتخاب بھی بلامقابلہ ہونے کا امکان ہے۔
ن لیگ کے بعد استحکام پاکستان پارٹی نے بھی پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان سے رابطہ کیا اور مل کر حکومت بنانے کی دعوت دی جسے قبول کرلیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں وزیراعلیٰ اور اسپیکر کے انتخاب کے لیے ساتھ دیں گے۔


