قصور (لارڈ میڈیا): نجی اسپتال میں گردوں کی مبینہ غیرقانونی پیوند کاری کے معاملہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں اہلکاروں کو شاپر سے گردہ نکالتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیو سماء نیوز نے حاصل کی ہے۔
ویڈیو میں دکھائے گئے گردے کو شواہد کے طور پر فرانزک تجزیے کے لیے لاہور کی فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔ پولیس نے مبینہ متاثرہ لڑکی سکینہ بی بی کے ساتھ موجود افراد کو دستاویزی کاروائی کے بعد چھوڑ دیا ہے، جبکہ لڑکی کے ساتھ موجود دو مردوں اور ایک خاتون کو بھی رہا کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس اور محکمہ صحت کی مبینہ ملی بھگت کی وجہ سے ان افراد کو چھوڑا گیا، جو خود کو لڑکی کا چچا، کزن اور والدہ ظاہر کر رہے تھے۔ دریں اثناء، مقدمے کے اندراج پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کیونکہ ایف آئی آر میں اسپتال کی انتظامیہ اور متعلقہ ڈاکٹروں کا ذکر نہیں کیا گیا۔


