ریاض (لارڈ میڈیا): ہالی ووڈ کے معروف اداکار جینکارلو ایسپوزیٹو نے سعودی عرب میں قیام کے دوران اسلام قبول کر لیا ہے۔ یہ بات سعودی عرب کے جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی الشیخ نے بتائی ہے۔ ترکی الشیخ کے مطابق جینکارلو ایسپوزیٹو نے کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کیا اور بعد ازاں فلمی ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ مسجد میں نماز ادا کی۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اداکار کو مسجد میں نماز پڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ویڈیو کے بعد ان کے اسلام قبول کرنے کی خبر دنیا بھر میں تیزی سے پھیل گئی ہے۔
ترکی الشیخ نے مزید بتایا کہ اداکار کا یہ فیصلہ سعودی عرب میں گزارے گئے اچھے وقت اور مسلمانوں کے ساتھ میل جول کا نتیجہ ہے۔ جینکارلو نے سعودی عوام کے اخلاق، محبت اور مہمان نوازی کی تعریف کی۔
جینکارلو ایسپوزیٹو اس وقت سعودی عرب میں ایک بڑی فلم ’سیون ڈاگز‘ کی شوٹنگ کے لیے موجود ہیں۔ یہ فلم سعودی عرب کے بین الاقوامی پروجیکٹس میں شمار کی جا رہی ہے۔
جینکارلو دنیا بھر میں اپنے مشہور کردار ‘گس فرنگ’ کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، جو انہوں نے ٹی وی سیریز ‘بریکنگ بیڈ’ میں ادا کیا تھا۔
اب تک خود جینکارلو ایسپوزیٹو کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ سعودی عرب حالیہ برسوں میں فلم اور تفریحی صنعت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہا ہے، جس سے عالمی فنکاروں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔


