اسلام آباد (لارڈ میڈیا): صدر آصف علی زرداری نے صحرا بندی اور خشک سالی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے قدرتی وسائل کا تحفظ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چراگاہوں کا تحفظ غذائی سلامتی، ماحولیاتی توازن اور لاکھوں افراد کے روزگار کے لیے اہم ہے۔
صدر زرداری نے بتایا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور خشک سالی چراگاہوں اور قدرتی ماحول کے لیے سنگین خطرات بن چکے ہیں۔ پاکستان پائیدار زمینی انتظام، ماحولیاتی بحالی اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خشک سالی کے اثرات کا مقابلہ کرنے اور مزاحمت بڑھانے کے لیے مختلف عملی اقدامات کر رہی ہے۔ جنگلات، چراگاہوں اور آبی ذخائر کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ قومی ترجیحات میں شامل ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ قدرتی وسائل کا تحفظ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، جبکہ چراگاہوں کی بحالی سے روزگار کے مواقع، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی فلاح و بہبود کو فروغ ملے گا۔


